نئی دہلی میں پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے پرچم کشائی کی جبکہ ہائی کمیشن کے افسران، عملے اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
The High Commission for Pakistan, New Delhi celebrated the 78th anniversary of Pakistan’s Independence, today.@ForeignOfficePk@Saadawarraich@epwing_official@PkPublicDiplo pic.twitter.com/HbPBP4AUM9
— Pakistan High Commission India (@PakinIndia) August 14, 2025
اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم، نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے آزاد وطن کے لیے تاریخ کا دھارا بدل دیا اور پاکستان، برصغیر کے مسلمانوں کے حقِ خود ارادیت کی طویل اور عظیم جدوجہد کی تکمیل ہے۔
سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور خداوند کا انمول تحفہ ہے جس کا ہر وقت دفاع ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کا راستہ شہداء کے خون سے ہموار ہوا اور پاکستان اپنی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
سعد احمد وڑائچ نے مزید کہا کہ پاکستان کسی بھی بیرونی خطرے یا جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی اہلیت رکھتا ہے اور غلبے کے لیے چھیڑی گئی جنگ میں دشمن خود مغلوب ہوا۔






















