فیلڈ مارشل عاصم منیر سے آذربائیجان کے چیف آف جنرل سٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آذربائیجان فوج کے نائب وزیردفاع چیف آف جنرل اسٹاف نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جنرل کریم ولیئیف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ جی ایچ کیو آمد پر آذربائیجان کے نائب وزیردفاع کو گارڈآف آنرپیش کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں عالمی و علاقائی سلامتی کے منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے دفاعی تعاون اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔
آرمی چیف نے آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آرمینیا اور آذربائیجان کے امن معاہدے پر مبارکباد دی۔
معزز مہمان نے معرکہ حق میں پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابیوں کی تعریف کی، آذربائیجان کے وفد نے پاکستان کے یوم آزادی اور جشن فتح کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے معرکہ حق کے دوران پاکستان کا ساتھ دینے پر آذربائیجان عوام کا شکریہ ادا کیا، یوم آزادی کی تقریب کیلئے دستہ بھیجنے پر بھی آذربائیجان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
کرنل جنرل کریم ولیئیف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آذربائیجان کا اعلی پیٹریاٹک وار میڈل دیا، معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی غیر متزلزل کوششوں کو سراہا۔ چیف آف جنرل اسٹاف نے دفاع اور سلامتی میں تعاون بڑھانے کیلئے آذربائیجان کے عزم کا اعادہ کیا۔






















