نگران وزیر اعظم انوارلحق کاکڑ نے غزہ پر اسرائیلی مظالم پر ہونے والے عرب لیگ اور اوآئی سی کے سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔
ملاقات میں سعودی عرب کی میزبانی میں ریاض میں جاری مشترکہ عرب اسلامی غیر معمولی سربراہی اجلاس کے موقع پرغزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قابض افواج کی جارحیت کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم کاکڑ نے خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کی مدبرانہ قیادت میں فلسطینی کاز کے فروغ کیلئے سعودی عرب کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔
انوارالحق کاکڑ نے نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر مشترکہ عرب اسلامی لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے سربراہی اجلاس بلانے کے بروقت اقدام پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کو محصور اور معصوم فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ اور اندھا دھند جارحیت سے روکنے کے لیے فوری بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے اسرائیل فلسطین تنازع کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا، جس کی بنیاد دو ریاستی حل پر مبنی ہے جس کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد، خود مختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام ممکن ہو گا جو جون 1967 سے پہلے موجود تھیں اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کے لیے پاکستان سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔