ڈیرہ غازی خان ٹانک میں پولیس پر حملہ ہوا ہے فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت چار اہلکارشہید ہو گئے۔دوسری جانب ڈیرہ غازی خان کے علاقے شادن لنڈن میں پولیس موبائل فائرنگ سے سب انسپکٹر شہیداورتین اہلکار زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق ٹانک پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم مغوی لڑکی کی بازیابی کے لیے جارہی تھی کہ گاؤں کڑی شاہ نور کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر فائرنگ کردی۔حملے میں ایس ایچ او سمیت تین اہلکار شہید اور ڈی ایس پی سمیت پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران پولیس اور مسلح افراد کے درمیان کئی گھنٹوں تک مقابلہ جاری رہا۔اطلاع ملتے ہی ڈی پی او افتخار علی شاہ بھاری پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تاہم اس دوران حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
دوسری جانب ڈیرہ غازی خان کے علاقے شادن لونڈ میں ڈاکوؤں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق سب انسپکٹر رضوان محبوب شہید ہوگئے۔ اے ایس آئی سمیت تین اہلکار زخمی بھی ہوگئے ۔ جبکہ مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا۔ لاشیں اور زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق ایک اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔