وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کو سیاسی تعاون سے آگے بڑھا کر سماجی و معاشی شراکت داری میں تبدیل کر دیا ہے۔
اتوار کے روز وفاقی وزیر احسن اقبال سے چین کے ڈیویلپمنٹ ریسرچ سینٹر اور سینٹر فار انٹرنیشنل نالج آن ڈیویلپمنٹ کے صدر لوہاؤ نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران احسن اقبال نے کہا پاک چین مضبوط اقتصادی تعاون قومی ترقی کی کنجی ہے اور دیرپا اور پائیدار ترقی کے لیے چین کی اقتصادی اور اصلاحاتی کامیابی اور سائنسی منصوبہ بندی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
احسن اقبال نے کہا ’ اڑان پاکستان ‘ پروگرام سے ملک کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہو رہی ہے اور اس کا ہدف پاکستان کو 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر معیشت بنانا ہے۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ چین سالانہ تقریباً دو ٹریلین ڈالر کی درآمدات کرتا ہے لیکن پاکستان کا ان میں حصہ انتہائی کم ہے، چینی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا ہمارا اہم معاشی ہدف ہے۔
انہوں نے ماضی کی رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل میں خلل نے ترقیاتی عمل کو متاثر کیا۔
ملاقات کے دوران وزارت منصوبہ بندی پاکستان اور چین کے ڈویلپمنٹ ریسرچ سنٹر کے درمیان اشتراک اور تعاون کے معاہدے پر اتفاق کیا گیا۔
لو ہاؤ نے پاکستان کی برآمدات پر مبنی معیشت بنانے کی حکمت عملی پر اعتماد کا اظہار کیا۔




















