محکمہ موسمیات کا کہنا ہے مون سون کا موجودہ اسپیل اگلے ایک سے دو دن تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں برسائے گا۔
محکمہ موسمیات نے اگلے دو سے تین دن مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور بڑے شہروں جیسے اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارشوں اور سیلاب سے متعلقہ واقعات میں مزید 7 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔
26 جون سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 288 افراد جاں بحق اور 690 زخمی ہو چکے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ" ایپ استعمال کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور امدادی ٹیمیں ہائی الرٹ پر رکھیں۔
لازمی پڑھیں۔ ٹک ٹاک کی پاکستان میں سیلابی موسم کے دوران غلط معلومات سے نمٹنے کیلئے ہدایات جاری
ٹک ٹاک نے بھی سیلابی موسم کے دوران غلط معلومات سے نمٹنے کے لیے نئی سرچ گائیڈ متعارف کرائی ہے جو صارفین کو براہ راست این ڈی ایم اے سے تصدیق شدہ معلومات فراہم کرے گی تاکہ مستند اور تازہ ترین معلومات تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔



















