نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق نجی اسپتال میں زیرعلاج نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان انتقال کرگئے۔ اعظم خان کو گزشتہ رات نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ترجمان آر ایم آئی اسپتال شبیرشاہ کا کہنا ہے کہ اعظم خان کی حالت انتہائی ناساز تھی، وہ مختلف بیماریوں کاشکار تھے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس نے بھی انتقال کی تصدیق کردی۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ روز سے ان کی طبیعت خراب تھی اسی سبب کابینہ اجلاس بھی منسوخ کیا گیا۔ اعظم خان نے صرف ایک میٹنگ یو این ایچ سی آر کے نمائندہ وفد سے کی تھی۔ جس کے بعد ان کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ آج صبح جان کی بازی ہار گئے۔ لواحقین کے مطابق اعظم خان کی نماز جنازہ ساڑھے 3 بجے چارسدہ میں ادا کی جائے گی۔ تدفین آبائی قبرستان میں ہوگی۔
خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام سمیت اپوزیشن جماعتوں نے اعظم خان کو نگراں وزیراعلیٰ نامزد کیا تھا۔ انہوں نے 21 جنوری 2023 کو نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھایا تھا۔
محمد اعظم خان چارسدہ کے ایک گاؤں پڑانگ میں پیدا ہوئے۔ پشاوریونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ لنکنز ان کالج لندن سے بار ایٹ لاء پاس کیا۔ سول سروس کا امتحان پاس کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ میں شمولیت اختیار کی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ وہ اس سے قبل 24 اکتوبر 2007 سے یکم اپریل 2008 تک صوبائی وزیر خزانہ بھی رہے۔ وہ اسلام آباد میں وزارت پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کے سیکریٹری اور ستمبرانیس سو نوے سے جولائی انیس سو ترانوے تک خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری بھی رہے۔ وہ دو ہزار اٹھارہ میں نگران وفاقی وزیر داخلہ بھی رہ چکے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اعظم خان نے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدرعارف علوی نے اعظم خان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے ساتھ ملاقاتوں میں انہیں شریف النفس انسان پایا۔ دوسری جانب نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ اعظم خان کے انتقال کی خبرسن کربہت دکھ اور تکلیف ہوئی، اعظم خان ایماندار اور نیک انسان تھے، اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔