وفاقی حکومت نے رواں سال زائرین کےلیے بذریعہ سڑک ایران اور عراق جانے پر پابندی عائد کردی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ رواں سال زائرین کو سڑک کے ذریعے عراق و ایران جانے کی اجازت نہیں ہوگی، زیارت اربعین کےلیے عراق اور ایران کے فضائی سفر کی اجازت ہوگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ مشکل فیصلہ عوام کے تحفظ اور قومی سلامتی کے پیش نظر کیاگیا، فیصلہ وزارت خارجہ، بلوچستان حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا، وزیراعظم نے زائرین کےلیے پروازو کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، بلوچستان کی امن وامان کی صورتحال اور زائرین کی نئی پالیسی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں وزیرِ داخلہ نے وزیرِ اعظم کو زائرین کی نئی پالیسی سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے وزیرِ ہوا بازی کو زائرین کیلئے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔
ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتِ حال پر بھی وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے وزیرِ داخلہ کو گوادر سیف سٹی پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کردی۔






















