وزیراعظم نے سول سروس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سول سروسز اصلاحات پر اہم اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ کمیٹی ایک ماہ میں مشاورت کے بعد اصلاحات پر مبنی جامع سفارشات پیش کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سفارشات میں افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے واضح لائحہ عمل بھی شامل کیا جائے۔ کمیٹی کو میرٹ پر بھرتی، ترقی کے لیے مخصوص اہداف یعنی کے پی آئیز اور اے سی آر نظام کی بہتری یا مؤثر متبادل سے متعلق بھی تجاویز دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے اصلاحاتی اقدامات کیے جائیں جو پائیدار نظام کی بنیاد رکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ گورننس کی بہتری اور سول سروسز کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مستقل نظام وضع کیا جائے۔






















