خیبرپختونخوا حکومت نے نجی انشورنس کمپنی کے ساتھ کنٹر یبیوٹری پروویڈنٹ فنڈ اسکیم کے معاہدہ پر دستخط کر لیے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے کنٹریبیوٹری پروویڈنٹ فنڈ اسکیم میں 13 ویں فنڈ مینیجر کو رجسٹرڈ کر لیا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا کے زیر نگرانی سیکرٹری خزانہ نے معاہدہ پر دستخط کر لیے۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پنشن اصلاحات کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سی پی ایف اسکیم کو وسعت دے رہی ہے۔ کنٹریبیوٹری پروویڈنٹ فنڈ اسکیم کی ایک اہم خصوصیت اس کی سرمایہ کاری کا آؤٹ سورس ہونا ہے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ سی پی ایف خیبرپختونخوا حکومت کی 2022 میں متعارف کرائی گئی ایک نمایاں پنشن اسکیم ہے، خیبرپختونخوا کے اب تک 59,000 سے زائد سرکاری ملازمین کو سی پی ایف اسکیم کے تحت رجسٹر کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام سرکاری ملازمین کے مالی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک مشترکہ شراکت داری کے ماڈل پر مبنی ہے، اس سکیم میں ملازم اپنی بنیادی تنخواہ کا 10فیصد جبکہ حکومت 12 فیصد ماہانہ حصہ ڈالتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم کے فنڈز کی سرمایہ کاری صرف ان کمپنیوں میں ہوتی ہے جو رجسٹرڈ ہو اور جو پیشہ ورانہ فنڈ مینجمنٹ کے اعلیٰ معیار کی عکاسی کرتے ہوں۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ اسکیم کے آغاز سے اب تک حکومت نے بارہ ایسی لائسنس یافتہ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے تھے اور اب نئے معاہدے سے کمپنیوں کی تعداد تیرہ ہوگئی ہے ۔






















