سوشل میڈیا پر مرد اور خاتون کے سفاکانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات اور ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جائے وقوعہ کا فوری تعین کرکے تمام ذمہ داروں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کو انسانی وقار اور معاشرتی اقدار کی سنگین پامالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان اس ظلم پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی، اور انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ویڈیو میں موجود ملزمان کی شناخت میں مدد کریں اور واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری میں اپنا سماجی و اخلاقی کردار ادا کریں۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی لڑکی کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے اور مجرموں کو اُسی انداز میں سزا دی جائے۔






















