خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوگیا تاہم کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی پر اجلاس ملتوی کردیا گیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس 9 بجے طلب کیا گیا تھا، جو 2 گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے شروع ہوا، مخصوص نشستوں پراراکین کی حلف برداری ایجنڈے کا حصہ تھی تاہم اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے کورم پورا نہ ہونے پر خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کردیا۔ مخصوص نشستوں پر منتخب 25 ارکان کی حلف برداری نہ ہوسکی۔
جلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی کر دی گئی، اسپیکر نے گھنٹیاں بجائیں لیکن ارکان ایوان میں نہیں آئے، جس کے بعد انہوں نے اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کر دیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں 25 مخصوص نشستوں کے اراکین نے آج حلف اٹھانا تھا، جن میں 21 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں، جمعیت علمائے اسلام اور مسلم لیگ (ن) کے 7، 7، پیپلز پارٹی کے 4، اے این پی کے 2 اور پی ٹی آئی پی کے ایک رکن کو حلف اٹھانا تھا۔
خیال رہے کہ پچیس اراکین کے حلف اٹھاتے ہی خیبر پختونخوا اسمبلی کا ایوان مکمل ہوجائے گا، حلف اٹھانے کے بعد نئے ممبران سینٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے حقدار ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر ممبران کی بحالی کے بعد اپوزیشن کی تعداد بڑھ گئی، جس سے ایوان میں نمبر گیم بھی تبدیل ہوچکا ہے۔ صوبائی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کا اعلامیہ جاری ہونے کے بعد اپوزیشن کی تعداد 52 ہوگئی تھی۔





















