وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستانی ننھے کونٹینٹ کری ایٹر طلحہ احمد نے ملاقات کی ہے جس میں وزیراعظم نے انکی تخلیقی صلاحیتوں اور سوشل میڈیا پر جاندار کونٹینٹ کی بھرپور تعریف کی۔
ہفتہ کو وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے طلحہ کو ان کے شاندار ٹیلنٹ کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ اور ذاتی طور پر ایک الیکٹرانک ٹیبلیٹ پیش کیا۔
وزیراعظم نے طلحہ احمد کی من موہنی ایکٹنگ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صلاحیتوں نے نہ صرف ان کے چہرے پر مسکراہٹیں بکھیریں بلکہ تمام حاضرین کو متاثر کیا۔
شہباز شریف نے کہا طلحہ احمد پاکستانی قوم کی لامحدود استعداد کی ایک روشن مثال ہے اور پاکستان میں نہ صرف نوجوان بلکہ بچے بھی آج کی ڈیجیٹل دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
طلحہ احمد نے وزیراعظم کی جانب سے پذیرائی اور حوصلہ افزائی پر دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے بڑی حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے طلحہ کو پیار سے گلے لگایا اور ان کی بہترین صلاحیتوں پر تھپکی دی۔
یاد رہے کہ طلحہ احمد کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر کامیاب کونٹینٹ نے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل کی ہے۔






















