اسلام آباد کی مقامی عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہ ہو سکے ۔ بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کارروائی آگے بڑھانے میں رکاوٹ بن گئی۔ 26 نومبر احتجاج کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی ۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری درخواستوں پر سماعت کی ۔ بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث آج بھی ضمانت درخواستوں پر دلائل نہیں ہوئے ۔
بشریٰ بی بی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ بھی سنایا نہ جاسکا ۔عدالت نےگزشتہ سماعت پر بانی کو پیش کرنے یا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے تمام ضمانت درخواستوں پر سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔
دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج عامر ضیا نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 9 ستمبر تک توسیع کر دی۔






















