خیبر پختونخوا میں سینٹ انتخابات کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ امیدوار لانے اور انہیں کامیاب کرانے کے لیے رابطوں میں تیزی کر دی ہے۔
اتوار کو جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نوشہرہ میں وزیراعظم کے مشیر و سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کی جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران تینوں رہنماؤں نے صوبائی سیاسی معاملات، ضم شدہ اضلاع کے مسائل، اور سینٹ انتخابات کے حوالے سے اپوزیشن کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
ضم شدہ اضلاع میں بدامنی اور وہاں کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی اور قبائلی عوام کی تشویش پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر پرویز خٹک کی ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر امیر مقام اور گورنر فیصل کریم کنڈی بھی سینٹ انتخابات کے سلسلے میں ملاقات کر چکے ہیں، جہاں اپوزیشن جماعتوں کے آزاد اراکین سے رابطوں پر بات چیت ہوئی۔






















