پاکستان میں ایگزیکٹو لیڈرشپ کی ترقی کی جانب ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے، انسیڈ کا عالمی شہرت یافتہ ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام ’الفا‘ پہلی بار کراچی یونیورسٹی حبیب سلیم میں شروع ہو گیا، اس پروگرام میں پاکستان کی سرکردہ تنظیموں کے 60 سینئر لیڈرز حصہ لے رہے ہیں۔
یہ پروگرام نہ صرف پاکستان میں ایگزیکٹو تعلیم کے میدان میں ایک سنگِ میل ہے بلکہ عالمی معیار کی فیکلٹی اور جدید نصاب کے ذریعے مقامی قیادت کو عالمی منظرنامے سے ہم آہنگ کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔
شرکاء میں بینکنگ، ہیلتھ، ٹیکسٹائل، تعلیم، اور انڈسٹری کے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ممتاز رہنما شامل ہیں۔
پروگرام کے بانی اور اسماعیل انڈسٹریز کے ڈائریکٹر حامد اسماعیل نے کہا کہ یہ پروگرام اس وژن کی تعبیر ہے جو ہم نے پانچ سال قبل رکھا تھا کہ عالمی معیار کی تعلیم اور قیادت کے مواقع پاکستانی ٹیلنٹ کو ملک کے اندر ہی فراہم کیے جائیں۔
’الفا‘ پروگرام کو انسیڈ کی بین الاقوامی فیکلٹی چلا رہی ہے جن کا تعلق فرانس، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات سے ہے۔
اس کے علاوہ پاکستانی تنظیموں جیسے آغا خان یونیورسٹی، فوجی فرٹیلائزر، گیٹرو فاؤنڈیشن، یو بی ایل، نیشنل بینک، اور دیگر ادارے بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز 11 جولائی کو سہ پہر3 بجے کراچی یونیورسٹی حبیب سلیم میں ہوگا، جس میں میڈیا کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ اس تاریخی لمحے کو دستاویزی شکل دی جا سکے۔






















