وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی ناقص کارکردگی کا سختی سے نوٹس لے لیا۔ ادارے کی قانونی اور انتظامی تنظیم نو کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزیراعظم نے کمیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی فوری ہدایات جاری کر دیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل ٹیرف کمیشن کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہنگامی بنیادوں پر نیشنل ٹیرف کمیشن کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی۔ قانونی، انتظامی اور ادارہ جاتی اختیارات و فرائض کی تنظیم نو بھی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعظم نے کمیشن کی حالیہ کارکردگی کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ نئے ٹیرف رجیم کیلئے کمیشن کو جدید خطوط پر استوار کرنا ضروری ہے۔ ملکی درآمدات، برآمدات اور مارکیٹ کے زمینی حقائق اکٹھے کرنے کی مؤثر استعداد ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کمیشن کی تحقیقی استعداد بڑھانے اور کاروباری مسائل حل کرنے کے لیے خودکار نظام اپنانے پر زور دیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تربیت اور وسائل کی کمی کو پورا کرنے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کے اپیلٹ ٹریبونل کو فوری فعال کرنے کی ہدایت بھی دی اور آئندہ ماہ پیشرفت رپورٹ بھی طلب کرلی۔






















