ملک میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث دریائے سندھ اور دیگر دریاؤں سے ملحقہ علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) اور دیگر متعلقہ اداروں سے قریبی رابطے رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو عوام کو حقیقی اور تازہ صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے معلومات جاری کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم کے اسپل وے کھلنے سے دریائے سندھ کے زیریں اضلاع میں طغیانی بڑھنے کا خدشہ ہے، تمام صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر عوام کے لیے مؤثر آگاہی مہم جاری رکھیں۔
وزیراعظم نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو ہدایت کی کہ وہ میڈیا پر غیر محفوظ اور کم محفوظ علاقوں کی واضح نشاندہی کرے۔






















