نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے اقتصادی تعاون تنظیم کے 16ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی ،دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات خصوصاً دو طرفہ تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات خصوصاً دو طرفہ تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔
دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے آذربائیجان ایئر لائن کے پاکستان کے لیے براہ راست فلائٹ آپریشن کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اسے کاروبار ، سیاحت اور لوگوں کے درمیان تبادلوں کو بڑھانے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔
وزیر اعظم اور آذر بائیجان کے صدر نے اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مشترکہ چیلنجز ، علاقائی تعاون اور اجتماعی خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے ای سی او کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی بحران اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص کارا باغ کے حوالے سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔