وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی اور یوم عاشورہ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی انتظامات اور صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے یوم عاشورہ کے پرامن انعقاد کے لیے صوبائی انتظامیہ، پولیس، سیکیورٹی فورسز اور رینجرز کی کاوشوں کو سراہا اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پیشہ ورانہ منصوبہ بندی اور ہم آہنگی سے یوم عاشورہ کے جلوس اور مجالس پرامن طریقے سے مکمل ہوئے۔
انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں انتظامات کو احسن طریقے سے سرانجام دینے پر خصوصی طور پر سراہا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ یوم عاشورہ کے لیے سیکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے، جن میں سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز سے نگرانی، اضافی نفری کی تعیناتی، سبیلوں، عارضی طبی مراکز اور صفائی کے انتظامات شامل تھے۔
وزیراعظم نے سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کی فرض شناسی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے قومی یکجہتی اور امن کو فروغ ملا۔






















