جنوبی افریقا کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمومبو نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی ہے جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور جنوبی افریقہ کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان کا خطے میں امن و استحکام سے متعلق مؤقف پیش کیا اور علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کی قربانیوں کو بھی اجاگر کیا۔
جنوبی افریقا کے ایئرچیف لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمومبو نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔
جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی پہنچنے پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔





















