اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر امجد مگسی نے وفاقی و پنجاب حکومتوں کے بجٹ کو مسترد کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پروفیسر امجد مگسی نے کہا کہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کو فنڈز کی شدید کمی کا سامنا ہے حتیٰ کہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی 51 جامعات کے لیے صرف 18 ارب روپے مختص کیے گئے، جبکہ سندھ کی 31 جامعات کے لیے 42 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی کو ساڑھے 3 ارب اور پنجاب یونیورسٹی کو محض 78 کروڑ روپے ملے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے اساتذہ سے ٹیکس ریبیٹ واپس لے لیا اور دعویٰ کیا کہ آئی ایم ایف اس کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے طنزاً کہا کہ اگر بیوروکریٹس اور وزرا کی تنخواہوں میں اضافہ ہوتا تو آئی ایم ایف کو شاید اعتراض نہ ہوتا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹیز کے لیے فنڈز بڑھائے جائیں اور اساتذہ کے حقوق بحال کیے جائیں۔






















