افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک بس میں دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کے مطابق دھماکا دارالحکومت کابل کے علاقے دشت برچی ہوا، جہاں مسافروں کو لے جانے والی بس دھماکے سے تباہ ہوگئی ،اور واقعہ میں بدقسمتی سے 7 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی اہلکار جائے وقوع پر موجود تھے اور انہوں نے تفتیش شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ اسی محلے کے ایک اسپورٹس کلب میں ایک مہلک دھماکے کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ گروپ نے اکتوبر کے آخر میں قبول کی تھی۔طالبان حکام نے بتایا کہ اس دھماکے میں چار افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ جب سے طالبان نے اگست 2021 میں امریکی حمایت یافتہ حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد اپنی شورش ختم کی تھی بم دھماکوں اور خودکش حملوں کی تعداد میں ڈرامائی طور پر کمی آئی ہے۔