اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر میرب علی نے بالآخر گلوکار عاصم اظہر سے علیحدگی کے بعد پہلی بار خاموشی توڑ دی۔
یاد رہے کہ طویل عرصے سے مداحوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے کہ معروف جوڑی کے درمیان کیا ہوا مگر انہوں نے اس معاملے پر کوئی واضح بات نہیں کی تھی۔
میرب علی اور عاصم اظہر تین سال تک رشتے میں رہے اور ان کی منگنی بھی ہوئی تھی، تاہم کچھ عرصہ قبل عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے تعلق کے خاتمے کی تصدیق کی جس کے بعد یہ خبر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
علیحدگی کے بعد میرب علی کو متعدد تقریبات میں دیکھا گیا جہاں وہ اپنی فیملی اور قریبی دوستوں کے ساتھ وقت گزارتی نظر آئیں۔
وہ اپنے کیریئر میں بھی متحرک نظر آئیں اور اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کیے رکھی۔
تاہم، اب پہلی بار میرب علی نے انسٹاگرام پر دو اسٹوریز شیئر کرتے ہوئے بریک اپ پر اپنی خاموشی توڑی اور انہوں نے لکھا "اللہ میرے دل کا حال جانتا ہے اور میرے لیے یہی کافی ہے۔"

میرب کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے اور کچھ صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ کچھ صارفین نے انہیں سپورٹ بھی کیا اور کہا کہ ہر کسی کا درد ذاتی ہوتا ہے اور اظہار کا حق سب کو ہے۔






















