امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی عہدے داروں سے ملاقات میں ایران اسرائیل جنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایران کے معاملے پر بھی بات ہوئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہا کہ پاکستان ایران کو ہم سے بہتر جانتا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایران کے مسئلے پر بھی بات کی۔
صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کو اپنے لئے اعزاز قرار دیا۔ صدرٹرمپ نے آرمی چیف کی پاکستان سے لگن اور عزم کی تعریف کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھارت سے جنگ ختم کرنے پر شکریہ ادا کرتاہوں، فیلڈ مارشل عاصم منیرکا شکر گزار ہوں وہ جنگ کی طرف نہیں گئے، امریکا پاکستان کے ساتھ تجارت کرنے جارہا ہے، پاکستان کے تجارتی امور پر بھی بات ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ صدرٹرمپ اورفیلڈ مارشل عاصم منیرکی وائٹ ہاؤس میں ظہرانے پر ملاقات میں سیکریٹری خارجہ مارکوروبیو اور اسٹیوویٹکوف بھی ملاقات میں شریک تھے۔ نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرو ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل عاصم ملک بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ بھی وائٹ ہاؤس میں موجود تھے۔
فیلڈ مارشل نے پاک بھارت جنگ بندی میں مثبت کردارادا کرنے پر صدرٹرمپ کا شکریہ اداکیا اور صدرٹرمپ کی اقوام عالم کودرپیش متعدد چیلنجز کو سمجھنے پر ان کی تعریف کی۔ پہلے سے طے شدہ ایک گھنٹہ دورانیہ کی میٹنگ دو گھنٹے تک جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ نے انسداد دہشتگردی میں پاکستان کی کوششوں کوسراہا، انسداد دہشتگردی میں تعاون کوجاری رکھنے پراتفاق کیا گیا، معاشی اورتجارتی تعاون، مائنز اور منرلزمیں تعاون پرتبادلہ خیال ہوا، فیلڈ مارشل نے صدر ٹرمپ کوحکومت پاکستان کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت دی۔






















