کینسر کی روک تھام اور علاج میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ملک بھر میں قائم 20 اٹامک انرجی اسپتال سالانہ 10 لاکھ مریضوں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ مظفرآباد میں اکیسواں اٹامک انرجی کینسر اسپتال بھی جلد فعال ہو جائے گا۔
پی اے ای سی اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں قائم 20 اسپتالوں میں ہر سال 40 ہزار سے زائد نئے کینسر کے مریض رجسٹر کیے جاتے ہیں۔ ملک میں مختلف اقسام کے کینسر کے تقریباً 80 فیصد مریض انہی اسپتالوں سے علاج کرواتے ہیں۔
اسپتالوں میں جدید ترین ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، ڈیجیٹل ایکسرے اور دیگر جدید آلات نصب ہیں۔ کمیشن کے مطابق نیوکلیئر میڈیسن، ریڈیولوجی، ریڈی ایشن اونکولوجی اور میڈیکل اونکولوجی کے ذریعے مکمل کینسر مینجمنٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ علاج کی منصوبہ بندی اور ریڈی ایشن سیفٹی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔






















