وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین سینیٹ و اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین سینیٹ و اسپیکر قومی اسمبلی سے تنخواہوں میں اضافے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے، رپورٹ کی روشنی میں تنخواہوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی،ڈپٹی اسپیکر، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں غیرمعمولی اضافہ کیا گیا تھا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی بھاری بھرکم تنخواہوں میں اضافے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اچانک بڑے اضافے کو مالی ’ فحاشی‘ قرار دیدیا ہے ۔
خواجہ آصف نے سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ اورمراعات میں بے تحاشا اضافہ ہوا، تنخواہوں اور مالی مراعات میں یہ غیر معمولی اضافہ مالی فحاشی کے زمرے میں آتا ہے، عام آدمی کی زندگی کو ذہن میں رکھیں، ہماری تمام عزت آبرو ان کی مرہون منت ہے۔






















