وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت کی فوجی کارروائیوں کے جواب میں بروقت اور فیصلہ کن اقدام ناگزیر تھا۔ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب داتوسری انورابراہیم کو ٹیلی فون کیا۔ تاجکسستان کے صدر سے بھی رابطہ کیا، دوران گفتگو باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی۔ امت مسلمہ کے اتحاد و خوشحالی اور مظلوم فلسطینیوں کیلئے امن وسلامتی کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بھارت کشیدگی پر ملائیشیا کے متوازن اور اصولی مؤقف کو سراہا۔ کہا پاکستان خطے میں امن واستحکام کاخواہاں ہے۔ امریکا اور دوست ممالک کی ثالثی سے جنگ بندی کو خطے کے وسیع تر مفاد میں قبول کیا۔ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی امن اور استحکام کے لیے کوششیں کی ہیں تاہم ہمارے پاس بے گناہ پاکستانیوں کے خلاف کی گئی بھارت کی فوجی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا کیونکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے علاقائی امن و سلامتی کے مفاد میں امریکا اور دیگر دوست ممالک کی ثالثی میں جنگ بندی کیلئے مفاہمت کی پیشکش کو قبول کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے درمیان بھی ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔ شہباز شریف نے تاجک صدر اور عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ دورہ دوشنبے میں مہمان نوازی پر تاجک حکومت سے اظہار تشکر کیا۔ گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق عالمی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران اور امن مذاکرات کیلئے تاجکستان کے متوازن مؤقف کو بھی سراہا ۔ کہا پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کی کوشش کی۔ وزیراعظم نے تاجک صدر کو جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دہرائی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا، وزیراعظم نے امیرقطر اور قطرکےعوام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے قطر کی متحرک سفارت کاری اورتعمیری کردار کا شکریہ ادا کیا، قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے کردار کو بھی سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور جلد از جلد ایک دوسرے سے ملنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم اور آذربائیجان کے صدرالہام علیوف کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا، شہبازشریف نے صدرالہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو عید کی مبارکباد دی، دوران گفتگو پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مصر کے صدر سے رابطہ
شہباز شریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو عید کی مبارکباد دی اور پاک، بھارت کشیدگی میں مصر کے تعمیری کردار کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال اور مشرق وسطیٰ کے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے گزشتہ سال ڈی-8 کانفرنس کے دوران اپنے دورہ مصر کا ذکر کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی جبکہ صدر السیسی نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی قدر کی۔
کویت کے ساتھ رابطہ
وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے گفتگو کی اور پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا سہولیات پر کویت کا شکریہ ادا کیا۔
کویتی ولی عہد نے پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی قبول کی اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔
بحرین کے بادشاہ سے رابطہ
شہباز شریف نے بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو بھی عید کی مبارکباد دی۔
ایرانی صدر سے رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کو ٹیلی فون کر کے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور ایران کے رہبر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے حالیہ دورہ تہران کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں پاک، ایران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاک،بھارت کشیدگی، علاقائی و عالمی پیش رفت، اور غزہ کی تشویشناک صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف نے صدر پیزشکیان کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔






















