وزیراعظم شہباز شریف نے نئے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تقرری کے لیے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کو خط لکھ کر مشاورت کے لیے ملاقات کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم نے خط میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور دو ممبران، نثار درانی (سندھ) اور شاہ محمد جتوئی (بلوچستان) کی پانچ سالہ مدت 26 جنوری 2025 کو ختم ہوچکی ہے اور وہ آئین کے آرٹیکل 215 کے تحت عارضی طور پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت تقرریوں کے لیے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جانے ہیں جس کے لیے اپوزیشن لیڈر سے بامعنی مشاورت ضروری ہے۔
دوسری جانب عمر ایوب نے اس معاملے کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے سامنے رکھ دیا ہے۔
سماء سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ عید کے بعد تین، تین ناموں کی فہرست تیار کرکے اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ معتبر ناموں پر مشاورت جاری ہے لیکن حتمی فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کرے گی کہ وزیراعظم کی دعوت پر مشاورت کی جائے یا نہیں۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ وہ چار یا پانچ نام تجویز کریں گے جن پر پارٹی قیادت سے حتمی مشاورت جاری ہے۔






















