سونے کی خورد برد میں ملوث ملزم کو درخواست ضمانت مسترد ہونے پر سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔
سپریم کورٹ میں جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 652 گرام سونے کی خورد برد میں ملوث جمیل نامی ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے بتایا کہ سونے کی مالیت ایک کروڑ سے زیادہ بنتی ہے۔
جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیئے کہ ملزم سونے کا کاریگر ہے جس کے شواہد موجود ہیں، ملزم پر سونا غائب کرنے کا الزام سگے بھائی نے لگایا، گواہوں کے بیانات ہیں کہ ملزم کو سونا دیا گیا تھا، یہ کسی صورت ضمانت قبل از گرفتاری کا کیس نہیں ہے۔
بعدازاں، پولیس نے جمیل کو درخواست ضمانت مسترد ہونے پر سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا۔
مدعی سلیم نے بھائی جمیل کیخلاف سونا غائب کرنے کا مقدمہ درج کرایا تھا جبکہ سپریم کورٹ سے قبل ٹرائل اور ہائیکورٹ بھی ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرچکی ہیں۔