انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 9 مئی احتجاج پر تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی ایم این اے عبدالطیف سمیت دیگر ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں 9 مئی احتجاج پر تھانا رمنا میں درج کیس کی سماعت ہوئی، انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے پی ٹی آئی ایم این اے عبدالطیف سمیت نامزد 11 ملزمان کو انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت 10 سال قید کی سزا سنادی۔
عدالت نے پولیس پر قاتلانہ حملہ کرنے کے جرم میں تمام ملزمان کو 5 سال قید، موٹرسائیکل جلانے کے جرم میں 4 سال، پولیس کو کام سے روکنے پر3 سال قید جبکہ ملزمان کو جتھہ بنا کر جرم کرنے پر ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے پی ٹی آئی ایم این اے عبدالطیف سے کہا کہ آپ پر الزام ہے آپ نے تھانے پر حملہ کیا، آپ کے خلاف شہادتیں پیش ہوئیں،20 گواہان پیش ہوئے، گواہان میں مجسٹریٹ صاحبان بھی شامل تھے۔
انسداددہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج نے ریمارکس دیے کہ کسی بھی احتجاج کا پرامن طریقہ ہوتا ہے، آپ پر اسلام آباد کے تھانوں پر حملے کا الزام ہے، اگر اپنے لوگ ہی تھانوں پر حملہ کریں گےتوملک رہنے کے قابل نہیں رہے گا۔






















