وزیراعظم شہباز شریف 6 روزہ غیر ملکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ تاجکستان کے دو روزہ دورے کے بعد دوشنبے میں تاجک نائب وزیراعظم حکیم خلیق زادہ نے وزیراعظم کو ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔
دوشنبے سے روانگی کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ دو روزہ دورہ تاجکستان میں وزیراعظم شہباز شریف نے تاجک صدر امام علی رحمان سے دو طرفہ ملاقات کی۔
وزیراعظم نے بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران تاجکستان کی جانب سے پاکستان کی بھر پور حمایت پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے اس دورے میں گلیشیرز کے تحفظ پر دوشنبے میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت بھی کی۔
وزیراعظم نے ترکیہ، ایران اور آذربائیجان کا بھی دورہ کیا اور دوست ممالک کی قیادت کا حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
آذربائیجان کے دورے کے دوران وزیراعظم نے دوست ملک کی قیادت کے ساتھ ملاقات کے علاوہ ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان کے مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔ ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں وزیراعظم نے پرامن ایٹمی پروگرام پر ایران کی حمایت کا اعلان کیا اور دوطرفہ تجارت کا حجم اور تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
ترک قیادت سے ملاقاتوں میں پائیدار ترقی ، مشترکہ خوشحالی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کا عزم دہرایا گیا۔ دوست ممالک میں وزیراعظم کا شایان شان استقبال کیا گیا تھا۔






















