وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کے دوران جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی درخواست کردی۔
ملاقات کے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر انتہائی قابل احترام اور مسلم دنیا کی ایک نمایاں شخصیت ہیں اور امت مسلمہ رہنمائی اور سرپرستی کیلئے سپریم لیڈر کی طرف دیکھتی ہے۔
وزیراعظم نے سپریم لیڈر کو بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعات اور بھارتی عزائم سے آگاہ کیا اور بھارتی جارحیت کیخلاف حمایت پر ایرانی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ہمیشہ خواہش ہے خطے میں امن قائم ہو ، اقتصادی ترقی اور خوشحالی آئے۔
وزیراعظم نے سپریم لیڈر کو پاک ایران تعلقات کے فروغ کیلئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات آگے بڑھانے میں ایرانی قیادت کی دوراندیشی کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ امید ہے دونوں ممالک کے درمیان تعمیری معاہدہ طے پا جائے گا جس سے خطے میں امن واستحکام کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے علامہ اقبال کی شاعری و افکار کیلئے سپریم لیڈر کی لگن کو دل کی گہرائیوں سے سراہا اور ان سے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی درخواست کی۔
اس موقع پر سپریم لیڈر نے علاقائی امن واستحکام کے فروغ کیلئے شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ان کے ذاتی عزم کی تعریف کی۔
سپریم لیڈر نے پاکستان اور اس کے عوام کی مزید خوشحالی اور ترقی کیلئے دعا بھی کی۔






















