بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمٰن انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے اپنے آخری میچ کے دوران بائیں انگوٹھے میں چوٹ لگنے کے باعث پاکستان کے خلاف آئندہ ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے مطابق مستفیض کو کلپ فریکچر ہوا ہے جس کے باعث وہ کم از کم دو سے تین ہفتوں تک کرکٹ سے دور رہیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ فل سمنز کا کہنا تھا کہ مستفیض الرحمٰن ہماری ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ وہ ہماری ساتھ نہیں ہیں۔
فل سمنز کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے اچھا وقت ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں، پاکستان ایک خطرناک ٹیم ہے جس کو آسان حریف نہیں سمجھیں گے، سب کہہ رہے ہیں کہ پاکستان اچھا نہیں کھیل رہی لیکن پاکستان پاکستان ہے اور وہ کسی کو ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کچھ کھلاڑی پی ایس ایل کا حصہ تھے جن سے کنڈیشن کے بارے میں آگاہی لی ہے، سنیئر کھلاڑیوں کی غیر حاضری میں نوجوانوں کو موقع ملتا ہے اور ان میں سے اچھا کھلاڑی نکل آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری پاکستان میں تمام اچھی یادیں ہیں اور اپنے کرکٹ کیریئر کھیلنے کے دور میں اچھی یادیں بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اہم کھلاڑیوں کو مس کریں گے لیکن موجود اسکواڈ کے ساتھ اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، شان ٹیٹ ہمارے کوچنگ اسٹاف میں ایک اچھا اضافہ ہیں، امید ہے کہ اس سیریز میں اچھا کھیل کر اپنی کرکٹ بہتر کریں گے۔
دوسری جانب مستفیض کی جگہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر خالد احمد کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
اس سے قبل ناہید رانا ذاتی وجوہات کی بنا پر اور سومیا سرکار کمر کی چوٹ کے باعث سیریز سے دستبردار ہوچکے ہیں جن کی جگہ مہدی حسن میراز کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز لاہور میں 28 مئی، 30 مئی اور یکم جون کو کھیلی جائے گی۔





















