سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے 27 مئی کی شام چاند دیکھنے کی اپیل کردی۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ 27 مئی بروز منگل کی شام ذو الحجہ 1446 ہجری 2025 کے مقدس مہینے کے آغاز کے موقع پر چاند دیکھیں۔
عدالت نے کہا کہ جو کوئی بھی ہلال کا چاند دیکھتا ہے چاہے وہ اپنے آنکھ سے دیکھے یا دوربین کے ذریعے، وہ فوری طور پر قریبی عدالت میں رپورٹ کرے اور اپنی گواہی فراہم کرے۔
سپریم کورٹ نے مختلف خطوں میں قائم کردہ چاند دیکھنے کی کمیٹیوں میں حصہ لینے کے اہل افراد کو بھی اس اہم کوشش میں شامل ہونے اور تعاون کرنے کی ترغیب دی، جو مسلم کمیونٹی کی خدمت کرتی ہے۔
ستائیس مئی کو ملک بھر میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے۔ شہادتیں جمع ہونے کے بعد حتمی اعلان سعودی سپریم کورٹ ہی کرے گی۔
ادھر مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید خطبہ حج دیں گے۔ حرمین شریفین نے تقرری کی منظوری دیدی۔





















