ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم امن پسند ہیں اور امن کو ترجیح دیتے ہیں لیکن اگر بھارت نے دوبارہ حماقت کی تو جواب پہلے سے بھی زیادہ شدید ہوگا۔
خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے2500 سے زیادہ طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت نے سوچا حملہ کریں گے اور پاکستان جواب نہیں دے گا، آپ نے دیکھا کیسے ملک کے پیچھے سب کھڑے ہوئے، للہ کے حکم سے یہ آہنی دیوار کھڑی ہوئی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ وہ سمجھتے تھے عوام اور پاک فوج ایک دوسرے سے دور ہیں، ہرگز نہیں، قوم اورپاک فوج ہمیشہ سے متحد تھی، ہندوستان کی حکمت عملی کو ایک ایک کرکے غلط ثابت کیا، عسکری قیادت نے فیصلہ کیا ہندوستان میں 26 جگہ ان کو جواب دیں گے، مظفرآباد میں7سال کے ارتضیٰ کو شہید کرنے والا پورا بریگیڈہیڈ کوار ٹرتباہ کردیا۔ کسی سویلین انفرااسٹرکچر، آبادی یا مندر کو نشانہ نہیں بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں ہر دہشتگردی کے پیچھے ہندوستان کا چہرہ ہے، یہ دہشتگردہندوستان کے پیروکار ہیں، مساجد کو شہید اور لوگوں کوذبح کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ان دہشتگردوں کا خیبرپختونخوا سے کوئی تعلق نہیں، ان دہشتگردوں کا پختونوں کی روایات سے کوئی تعلق نہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ خارجی نورولی کہتا ہے شریعت میں کافر سے مدد لینے کی اجازت ہے، اسلام میں کفراورحق کبھی اکٹھے نہیں ہوسکتے، اسی طرح خارجی اوراسلام بھی اکٹھے نہیں ہوسکتے، تم ہندوستان سے مدد مانگتے ہو، کشمیری بچیوں کی عزت وہ پامال کرتے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے غیور، بہادرعوام، قبائل سے کہتا ہوں دوبارہ وقت آگیا کشمیر بنے گا پاکستان۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے، پختون افغان ہے،وہ تو آپ کا بھائی ہے، مسئلہ افغان اشرافیہ کا ہے، جنہیں ہندوستانی خریدتے ہیں، افغان بھائیوں سےکہتے ہیں دہشتگردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دو، افغان بھائی ہندوستان کے آلہ کارنہ بنیں۔
اس موقع پر ہرطرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار، ملی نغموں کی گونج اور"پاکستان ہمیشہ زندہ باد" کےفلک شگاف نعروں نے ماحول گرما دیا، پختون طلبہ نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔






















