استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے لیہ میں معرکہ حق کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا گیا، کنونشن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر موجود ایک شہری نے حکومت سے پاک فوج کا بجٹ 100 فیصد بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا ۔
تفصیلات کے مطابق جلسے میں شریک شہری نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت سے اپیل ہے کہ پاک فوج کا بجٹ 100 بڑھایا جائے ، ہم بھوکے رہنے کیلئے تیار ہیں، ملک دشمنوں سے کہتاہوں کہ پاک فوج ہمیشہ زندہ باد ہے ، پاکستان ہمیشہ زندہ باد ہے ، نوجوان نسل اپنے سپہ سالار کے ساتھ کھڑی ہے ، دہشتگرد باز آجائیں، انہیں تباہ کر دیا جائے گا، بھارت نے دوبارہ کوئی حرکت کی تو ہماری فوج اتنی طاقتور ہے کہ ان کو بھرپور جواب دیا جائے گا ۔
شہری کا کہناتھا کہ پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایاہے کہ وہ تاقیامت یاد رکھے گا، پاکستان نے بھارتی غرور رافیل کو زمین بوس کر دیا ، ہم اپنی فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آج یہاں موجود ہیں ، جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آئے گا ہم ایسے ہی سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوں گے۔






















