وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز اینا بیئرہ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے جس کے دوران پاکستان میں ترقیاتی شراکت داری اور معاشی استحکام کے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور عالمی بینک کے ترقیاتی کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران متاثرین کی مدد کر کے اپنی شراکت داری کا عملی ثبوت دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عالمی بینک کی ترقیاتی سرمایہ کاری کے فوائد کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
اینا بیئرہ نے پاکستان کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور ملک کی حالیہ معاشی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام کے لیے مشکل لیکن اہم فیصلے کیے ہیں۔
عالمی بینک کی ایم ڈی نے وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے بھی ملاقات کی جس میں عالمی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر تبادلہ خیال ہوا۔
احد چیمہ نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی اور فچ ریٹنگ میں اضافہ پاکستان کے معاشی استحکام کے اہم سنگ میل ہیں۔
اینا بیئرہ نے آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی پر حکومتی کاوشوں کی تعریف کی۔





















