امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے اسپیس ایکس ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے حکام کے ساتھ خلائی اور ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز میں جدت پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے لاس اینجلس میں معروف امریکی ایرو اسپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی اسپیس ایکس کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جبکہ پاکستانی قونصل جنرل عاصم علی خان اور قونصلیٹ کے دیگر حکام بھی ان کے ساتھ تھے۔
لاس اینجلس میں اسپیس ایکس کے حکام نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا۔
حکام کی جانب سے وفد کو پاکستان اور اسپیس ایکس کے درمیان ممکنہ تعاون بالخصوص اسٹار لنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر براڈ بینڈ تک رسائی کو بڑھانے اور پاکستان کے دور دراز علاقوں میں رابطے کی سہولت کو مزید مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ مسلسل روابط خلائی ٹیکنالوجی اور تجارتی جدت میں ٹھوس تعاون کا باعث بنیں گے۔






















