خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے لائف انشورنس اسکیم متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صحت کارڈ کے بعد عوام کو ایک اور ریلیف فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اسکیم کے تحت اگر گھر کے سربراہ کا انتقال ہو جائے تو لواحقین کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق 60 سال سے کم عمر میں انتقال کرنے والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ جبکہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے دئے جائیں گے ۔اس سکیم کا بنیادی مقصد گھر کے سربراہ کے انتقال کی صورت میں متاثرہ خاندان کو فوری مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔






















