خضدار میں قومی شاہراہ پر زیرو پوائنٹ کے قریب اسکول بس کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار کا کہنا ہے کہ دھماکہ خودکش تھا، دھماکے میں بچوں سمیت 5 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق دھماکا کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ پر زیروپوائنٹ کے قریب ہوا۔ دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے گاڑی میں نصب تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بزدلانہ حملے کی منصوبہ بندی بھارت کی دہشتگرد ریاست نے کی، حملہ بلوچستان میں موجود بھارت کے آلۂ کار دہشتگردوں نے کیا، معصوم بچوں اور شہریوں جیسے آسان اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنٹوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بے امنی پھیلانا شروع کر دی، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خضدار میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کے بچوں پر حملہ انسانیت سوز اور گھناؤنا جرم ہے، بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی حمایت کررہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مکمل طور پر قلع قمع کریں گے، بھارت پاکستان میں کارروائیوں کیلئے دہشتگردوں کو سپورٹ فراہم کررہا ہے، دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسکول بس پر حملہ درندگی کی انتہاء ہے، بھارتی سرپرستی میں پلنے والے دہشتگردوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے معصوم بچوں اور بے گناہوں کی شہادت پر غم و غصے کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا بچوں کی وین کو نشانہ بنانا انسانیت پر حملہ ہے، بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بھی خضدار میں بچوں پر حملے کی شدید مذمت کی اور کہا معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ میدان جنگ میں شکست فاش پر بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، اسکول بس میں معصوم بچوں پر دہشتگردی، سفاکی اور بزدلی کی انتہا ہے، نونہالان وطن عزیز کے بم دھماکے میں شہید ہونے پر پوری قوم سوگوار ہے، دہشتگردوں کے سہولت کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔





















