چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں ان کی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی سفیرجیانگ ژی ڈونگ سے ملاقات میں ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تحقیق و ترقی میں مدد کرنے میں چین کے کردار کو سراہا اور توسیع شدہ مشترکہ مشقوں اور کثیرالطرفہ فریم ورک کیلئے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہم آہنگی اور تعاون پر بھی زور دیا ۔
ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی اور علاقائی امن و استحکام کیلئے مشترکہ خواہشات پر مبنی ہیں اور مستقبل میں دوطرفہ تعلقات تعاون اور شراکت داری کے ذریعے مزید گہرے ہوں گے۔
ملاقات کے دوران چینی سفیر نے حالیہ پاک، بھارت کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی بے مثال آپریشنل مہارت ، چینی ساختہ آلات اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی تعریف کی۔
چینی سفیر نے کہا پاک فضائیہ کی مقامی سطح پر سرمایہ کاری کے امید افزا نتائج برآمد ہونا شروع ہو چکے ہیں۔
خود انحصاری کے میدان میں پاکستان کی پیشرفت کو سراہتے ہوئے چینی سفیر نے پاک فضائیہ کو دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کیلئے تکنیکی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا ملکی سطح پر ٹیکنالوجی کے فروغ میں بہتری سے دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت ملے گی۔






















