نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی بدلتی صورتحال اور سی پیک فیز ٹو کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا کی ابھرتی ہوئی صورتحال، پاک، چین دوستی کے مستقبل اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے پر جامع تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان "آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ" اور "فولادی دوستی" کو سراہتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار اور وانگ ژی نے علاقائی امن، ترقی، اور استحکام کے لیے دوطرفہ تعاون جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔






















