بی سی سی آئی نے ایشیا کپ سے دستبرداری کی خبروں کو مسترد کر دیا۔
بی سی سی آئی سیکرٹری دیواجیت نے ایشیا کپ سے دستبرداری کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا، کہا بھارتی میڈیا میں چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ابھی تک ایشیا کپ یا ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
دیواجیت سیکیا نے کہا کہ نہ کوئی فیصلہ ہوا، نہ ہی اے سی سی کو کوئی خط لکھا گیا، ایشیا کپ سے متعلق خبریں قیاس آرائی پر مبنی اور خیالی ہیں۔ فی الحال بی سی سی آئی کی تمام توجہ آئی پی ایل اور انگلینڈ سیریز پر ہے۔
بی سی سی آئی سیکرٹری دیواجیت نے مزید کہا کہ اے سی سی ایونٹس پر کوئی بھی فیصلہ وقت آنے پر باقاعدہ اعلان کے ساتھ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اے سی سی کے تمام ایونٹس سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ ایشیا کپ رواں سال ستمبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔





















