اسلام آباد ہائیکورٹ نے غیرملکی سفارتکار کو خفیہ معلومات دینے کے الزام میں سزا پانے والے پولیس اہلکار کی سزا کالعدم قرار دے دی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے اے ایس آئی ظہور کی اپیل منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی پولیس کے اے ایس آئی ظہور کی سزا کالعدم قرار دے دی ہے۔ اے ایس آئی ظہور پر الزام تھا کہ اس نے غیر ملکی سفارتکار کو حساس معلومات فراہم کیں۔ ان کے خلاف 2021 میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
خصوصی عدالت نے 2024 میں تین سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس سزا کو معطل کر رکھا تھا۔ اب جسٹس محسن اختر کیانی نے ظہور کی سزا کے خلاف دائر اپیل منظور کر لی ہے۔
عدالت نے اپیل کی منظوری کا زبانی حکم سنایا جبکہ تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔عدالتی ریمارکس میں کہا گیا کہ تھریٹ الرٹ رپورٹس کو خفیہ معلومات یا دستاویزات نہیں سمجھا جا سکتا لہٰذا اس بنیاد پر سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔






















