نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارت بے نقاب ہو چکا ، دنیاجان گئی ہے پاکستان پرالزامات بے بنیاد تھے۔
چین روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ چین ہمارا آہنی دوست ملک ہے ۔ دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات کے علاوہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور عالمی معاملات پر بھی بات ہو گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہو چکا، عالمی برادری جان چکی پاکستان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد تھے ۔ دورے سے چین کے ساتھ پاکستان کے مثالی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
واضح رہے کہ بھارت کی بدترین جارحیت، دہشت گردی اورانسانیت سوز مظالم، عالمی برادری کو مودی سرکار کا مکروہ چہرہ دکھانے کےلیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار آج سے چین کا دورہ کررہے ہیں۔
دورے کے دوران پاک بھارت کشیدہ صورتحال پرمشاورت ہو گی ۔ پاک چین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، علاقائی اورعالمی پیش رفت پربھی تبادلہ خیال ہوگا۔ افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ ملا امیرمتقی بھی چین میں ہی موجودہوں گے۔
دوسری جانب بلاول بھٹو نے بھی سفارتی محاذ سنبھال لیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کی سربراہی میں وفد امریکا، برطانیہ، روس اور یورپی ممالک کا دورہ کرے گا۔






















