یومِ تشکر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افواجِ پاکستان کی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ میں سنہرا باب رقم کیا۔
یومِ تشکر پر صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا پیشہ ورانہ انداز میں، پوری قوت سے جواب دیا۔صدر کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر ہم ربِ ذوالجلال کے شکرگزار ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ فتح صرف افواجِ پاکستان کی نہیں، بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، جو بنیان مرصوص کی طرح متحد ہو کر دشمن کے سامنے کھڑی ہوئی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی کسی بھی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے پاکستان کے صبر، تحمل اور آپریشنل مہارت کا اعتراف کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج یومِ تشکر اس شاندار کامیابی کے اعتراف میں منایا جا رہا ہے جو پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ چھ اور سات مئی کی درمیانی شب بزدل بھارت نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں بے گناہ شہری شہید ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ان معصوم جانوں کے بدلے جواب دینا پڑا، اور دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے غرور کا نشان طیارے اب راکھ بن چکے ہیں۔وزیراعظم نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مؤثر اور دندان شکن جواب دے کر عسکری تاریخ میں نئی مثال قائم کی۔






















