صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف بھولاری ائیربیس پر حملے میں شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہبازشریف آرمی چیف کے ہمراہ وطن کی عزت پر جان قربان کرنے والے پاک فضائیہ کے بہادر اسکواڈرن لیڈرعثمان یوسف شہید کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے اہل خانہ سے ملاقات میں شہید کے بلند درجات کےلئے دعائیں کیں۔ معرکہ حق کے دوران شہید عثمان یوسف کے عزم اور فرض شناسی کو سراہا۔ وزیراعظم نے مادر وطن کے لیے شہید عثمان یوسف کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری بھی شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر گئے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ اسکوارڈن لیڈر عثمان یوسف بھولاری ائیربیس پر 9 مئی اور دس مئی کی درمیانی شب بھارتی میزائل حملوں سے پاک فضائیہ کے اثاثے بچاتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔






















