انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے چیئرمین جے شاہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھارتی فوج کے حق میں کی گئی ایک پوسٹ نے کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کی غیرجانبداری پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
جے شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری مسلح افواج ہمارا فخر ہیں اور ان کی ہمارے وطن اور عوام کے تحفظ کے لیے بہادری اور عزم کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا کسی عالمی اسپورٹس ادارے کے سربراہ کو اس قسم کے قومی جذبات کا برملا اظہار کرنا چاہیے یا نہیں، خاص طور پر جب اس عہدے سے غیر جانبداری کی توقع کی جاتی ہے۔
تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ جے شاہ کے اس اقدام سے یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے جیسے آئی سی سی درحقیقت "انٹرنیشنل" کے بجائے "انڈین" کرکٹ کونسل بن گئی ہے۔
تنقید کے بعد جے شاہ نے پوسٹ کو حذف کر دیا لیکن سوشل میڈیا پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔






















