وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے شاہینوں نے بھارت کے رافیل طیاروں کو جیسے نشانہ بنایا اسے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور دنیا قیامت تک یاد رکھیں گے۔
جمعرات کے روز وزیر اعظم شہباز شریف نے کامرہ ائیر بیس کا دورہ کیا اور معرکہ حق میں شریک پاک فضائیہ کے شاہینوں سے ملاقات کی۔
نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء خواجہ آصف ، احسن اقبال اور عطاءتارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم نے معرکہ حق میں حصہ لینے والے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے حوصلے کو سراہا۔
وزیر اعظم کا خطاب
پاک فضائیہ کے شاہینوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تاریخ یہ مقابلہ یاد رکھے گی ، شاہینوں نے ایم ایم عالم اور سرفراز چوہدری کی یاد تازہ کر دی ، ایئر چیف نے مہارت سے جنگ لڑی ، قوم ایئر چیف کے کردار کو سنہری الفاظ میں یاد رکھے گی ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جنگ کو لیڈ کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ سالوں میں دشمن نے کئی ارب ڈالر کا اسلحہ خریدا ، شاہینوں نے تھانے دار کا بت پاش پاش کر دیا ، اب رہتی دنیا تک دشمن کبھی غرور میں مبتلا نہیں ہوگا ، 10 گھنٹے سے بھی کم وقت میں شاہینوں نے پاکستان کا جھنڈا بلند کر دیا ، شاہینوں کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں ، پوری قوم یک جان دو قالب ہے ، پاکستان کے شاہینوں نے 3 رافیل گرائے ، رافیل طیاروں کو جیسے نشانہ بنایا گیا مودی اور دنیا قیامت تک یاد رکھیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنی اور 24 کروڑ عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کرنے آیا ہوں ، قوم کے عظیم بیٹوں نے مختصر جنگ میں دشمن کے دانت توڑے ، قوم کے عظیم بیٹوں نے دشمن کے غرور کو بھی خاک میں ملا دیا ، شاہینوں نے اپنی مہارت سے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔
انہوں نے کہا کہ شاہینوں نے دوستوں کے اعتماد کو آسمان پر پہنچا دیا ، تاریخ میں اس سے زیادہ شاندار فتح نصیب نہیں ہوئی ، فرنٹ سے لیڈ کرنے والے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، ایئر چیف اور نیول چیف کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایئرچیف مجھے اپنی کامیابیاں بتاتے تھے ، شاہینوں نے 5 نہیں ، 6 جہاز گرائے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جان ہتھیلی پر رکھ کر ہماری افواج نے جنگ لڑی اور اللہ تعالیٰ نے کامیابی دی ، ہم نے جنگ میں صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ، دشمن نے ہماری امن کی پیشکش کو گھمنڈ میں ٹھکرایا ، دشمن نے ہمارے بچوں ، ماؤں اور جوانوں کو نشانہ بنایا ، ہماری افواج نے دشمن کی فوجی تنصیبات پر ٹھیک ٹھیک نشانے لگائے ، ہمارے جوانوں کی قربانی کو قیامت تک نہیں بھلایا جائے گا ، ہم سب ملکر افواج کی قربانیوں کی لاج رکھیں گے اور ہم سب مل کر صحیح معنوں میں قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امن ہماری ضرورت ہے ، دشمن امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھے ، تمہارا جنگی جنون کا بخار اُترچکا ، اب امن کی بات کرو تو ہم تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینا ہوگا ، کشمیریوں کی تحریک زندہ ہے ، حق ملنے تک زندہ رہے گی ، آئیں کشمیر کیلئے بیٹھ کر بات کریں ، مسئلہ کشمیر کبھی بھی جنگ کی آگ کو دوبارہ بھڑکا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس واقعے میں بھارت کا بہت بڑا کردار ہے ، آئیں ! خطے میں دہشتگردی ختم کرنے کیلئے بیٹھ کر بات کرتے ہیں ، بات کرتے ہیں اور دیکھتے ہیں کون دہشتگرد ہے اور کون دہشتگردی کا نشانہ بنا۔
آئی ایس پی آر کا بیان
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کامرہ میں پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا اور نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ، وزیردفاع، وزیرمنصوبہ بندی اور وزیراطلاعات بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ائیرچیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے پائلٹ، انجینئرز اور تکنیکی عملہ سے بات چیت کی اور ملکی دفاع کیلئے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلااشتعال جارحیت کے جواب میں مسلح افواج نے مثالی تحمل کا مظاہرہ کیا اور پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی میں دشمن کے فوجی انفرااسٹرکچر کو فیصلہ کن دھچکا پہنچایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج کی بہادری اور چوکسی پر بے پناہ فخرہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی قابل قیادت میں پاکستان کی سلامتی ناقابل تسخیر ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور ، پرعزم اور ناقابل معافی جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب چھٹے بھارتی میراج طیارے کو گرانے کی بھی تصدیق کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پاک فضائیہ کی جنگی مہارت اور مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا مزید ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی دوراندیش قیادت کو سراہا اور کہا کہ ائیرچیف نے پاک فضائیہ کو جدید بنایا اور آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے، نڈر پائلٹس غیر متزلزل عزم کے ساتھ ہمارے ملک کی خودمختاری کا دفاع کر رہے ہیں اور مسلح افواج سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا بروقت، متناسب اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور ہم اپنے وطن کے دفاع کیلئے متحد، چوکس اور غیر متزلزل کھڑے ہیں۔






















